ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ممتاز طنزو مزاح نگار مجتبیٰ حسین کودہلی اُردو اکادمی کا بہادر شاہ ظفر ایوارڈ

ممتاز طنزو مزاح نگار مجتبیٰ حسین کودہلی اُردو اکادمی کا بہادر شاہ ظفر ایوارڈ

Fri, 18 Jan 2019 02:00:26    S.O. News Service

گلبرگہ:17/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسودیا کے اجلاس پر دہلی اُردو اکاڈمی کی بیٹھک پروفیسر شہیررسول کی صدارت میں میں ہوئی جس میں متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیاگیاکہ 2017کا بہادر شاہ ظفر ایوارڈ برصغیر کے ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین کو دیا جائے ۔ دہلی اُردواکادمی ہر سال اُردو دنیا کے ایک مایہ ناز ادیب کو بہادر شاہ ظفر ایوارڈ سے سرفراز کرتی ہے ۔ یہ ایوارڈ دیڑھ لاکھ روپئے،شیلڈ اورتوصیف نامہ پرمشتمل ہے۔ مجتبیٰ حسین نے چھ دہائیوں قبل حیدرآباد کے روزنامہ سیاست میں مزاحیہ کالم نگاری کے ذریعے اپنے ادبی سفر کا آغاز کیا تھا۔ آج اُردو دنیا کے ممتاز ترین طنز و مزاح نگاروں میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔حیدرآباد کو طنزو مزاح کی راجدھانی بنانے میں مجتبیٰ حسین کی بے لوث خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انھوں نے جملہ 30کتابیں تصنیف کی ہیں۔ ان کے فن وشخصیت پر 12اسکالرس نے پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے ہیں ۔ ان کے کالم کے انتخاب کے علاوہ ان کی ادبی خدمات پر ایک درجن سے زائد کتابیں منظرعام پر آچکی ہیں ۔ مجتبیٰ حسین کو حکومت ہند نے باوقار پدم شری ایوارڈ سے نواز ، گلبرگہ یونیورسٹی نے اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کی ۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں انھیں وزیٹنگ پروفیسر بنایاگیا۔ملک اور بیرون کے ممتاز ادبی اداروں نے انھیں متعدد اعزازات پیش کیے ہیں ۔ حکومت اُتر پردیش کے ماہنامہ ’’نیادور‘‘ نے حال ہی میں مجتبیٰ حسین نمبر شائع کرکے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ فرزند گلبرگہ پدم شری ڈاکٹر مجتبیٰ حسین کو بہادر شاہ ظفر ایوارڈ دیئے جانے کے دہلی حکومت کے فیصلے پر گلبرگہ کے ادباء و شعراء نے مسرت کااظہارکیاہے۔ممتاز ادیب و خاکہ نگار ڈاکٹر وہاب عندلیب (سابق صدرکرناٹک اُردو اکادمی ) نے کہا ہے کہ مجتبیٰ حسین نے اُردوطنزومزاح نگاری میں قابلِ فخر مقام حاصل کیا ہے ۔ وہ اُردو دنیا میں طنز ومزاح کے میرکارواں ہیں ۔ سینئیرصحیفہ نگاران ایم اے حکیم شاکر، حامد اکمل ڈاکٹر ماجد داغی،مختار احمد منو، محبوب علی ، نے اپنے پیام مبارکباد میں کہا ہے کہ بہادر شاہ ظفر ایوارڈ مجتبیٰ صاحب کی خدمات کو راجدھانی دہلی کے خراجِ تحسین کی حیثیت رکھتا ہے۔ توقع ہے کہ انھیں مستقبل میں مزید اعزازات سے سرفراز کیا جائے گا۔ 


Share: